05 ستمبر ، 2012
دبئی… آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کیلئے پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں آج دبئی اسپورٹس سٹی میں پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کے لیے میدان میں اتر رہی ہیں۔ آئی سی سی رینکنگ میں پاکستان چھٹے اور آسٹرلیا نویں نمبر پر ہے۔ جنوبی افریقا کی ٹیم ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں ٹاپ پر ہے۔گذشتہ روز دبئی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی کپتان محمد حفیظ نے کہا کہ ٹیم متوازن ہے، آسٹریلیا کو ہرانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اس سیریز سے ہمیں آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کی تیاریوں کو حتمی شکل دینے اور اپنی ٹیم کی تشکیل اور خامیوں پر قابو پانے میں بھرپور مدد ملے گی۔ آسٹریلوی کپتان جارج بلی نے کہا کہ ون ڈے سیریز جیتنے سے اعتماد بڑھا ہے۔ سعید اجمل خطرناک اسپنر ہیں لیکن ہم نے سعید اجمل پر اٹیک کرنے کی پالیسی بنارکھی ہے۔ ٹی 20 میں وہ صرف 4 اوورز کراسکیں گے، اس لیے خطرہ کم ہے۔ محمد حفیظ نے کہا کہ ون ڈے میچ میں فارم میں آنا اچھی بات ہے۔ امید ہے کہ یہی فارم ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی برقرار رکھوں گا۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلی بار 3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی کرکٹ سیریز ہو رہی ہے۔ پاکستان اورآسٹریلیا کے درمیان اب تک7 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ہو چکے ہیں۔ پاکستان نے4 اور آسٹریلیا نے3 میچ جیتے ہیں۔