15 جولائی ، 2020
ملتان نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر مصطفیٰ کمال پاشا انتقال کرگئے۔
پروفیسر ڈاکٹر مصطفیٰ کمال پاشا کورونا رپورٹ مثبت آنے کے بعد 14 جون سے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔
پرو وائس چانسلر ڈاکٹر مسعود اعجاز کے مطابق ماہر ڈاکٹرز کی ٹیم ڈاکٹر مصطفیٰ کمال پاشاکی دیکھ بھال میں مصروف تھی۔
انہوں نے بتایا کہ تین دن قبل ڈاکٹر مصطفیٰ کو سانس لینے میں شدید تکلیف ہوئی جس کے بعد سے وہ وینٹی لیٹر پر تھے تاہم ان کے پھیپھڑوں سے خون بہنا شروع ہو گیا او ر آج صبح خالق حقیقی سے جا ملے ۔
پروفیسر ڈاکٹر مصطفیٰ کمال پاشا نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے پہلے وائس چانسلر اور ایک ماہر سرجن تھے۔
مرحوم کی نماز جنازہ بعد نماز عصر نشتر گراؤنڈ میں ادا کی جائے گی۔