05 ستمبر ، 2012
بیجنگ…چین نے کہا ہے کہ وہ شام میں سیاسی تبدیلی کے عمل کی حمایت کرتا ہے لیکن کسی فریق کے ساتھ جانبدار نہیں۔امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران چین کے وزیر خارجہ یانگ جائچی نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ لڑائی ختم کردیں۔چینی وزیر خارجہ نے زور دے کرکہا کہ چین کسی بھی فرد یاپارٹی کے ساتھ جانبدار نہیں،تمام ممالک حقیقت پسندانہ اور تعمیری طرز عمل اپنانے کیلئے تنازع کے تمام فریقین پر اپنامثبت اثرو رسوخ استعمال کریں تاہم انہوں نے بیرون طاقت کے استعمال کی مخالفت کی۔اس موقع پر امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے کہا کہ شام کا تنازع ہمسایہ ممالک کو بھی غیر مستحکم کرسکتا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ رواں ہفتے کے اختتام پر روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف سے بھی ملاقات کریں گی۔