18 جولائی ، 2020
وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں بے خوف کام جاری رکھنے کی ہدایت کر دی ہے جس کے بعد عثمان بزدار کو عہدے سے ہٹائے جانے کی افواہیں دم توڑ گئی ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ کئی روز سے سوشل میڈیا پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو تبدیل کیے جانے سے متعلق افواہیں زیر گردش ہیں لیکن گزشتہ روز وزیر اطلاعات شبلی فراز نے بھی ان افواہوں کی تردید کی تھی۔
وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچے اور ایوانِ وزیراعلیٰ میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ملاقات کی۔
وزیراعلیٰ نے آٹے، گندم کی صورت حال اور انسداد کورونا کے لیے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے عوامی ریلیف کے لیے صوبائی حکومت کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے انسداد کورونا کے لیے بہترین کام کیا۔
وزیر اعظم عمران خان سے ارکان قومی اسمبلی نے بھی ملاقات کی اور اپنے حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم نے آئی جی پنجاب اور چیف سیکرٹری کو ارکان اسمبلی کے جائز مسائل حل کرنے کی ہدایت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ارکان اسمبلی کے کام میرٹ پر کیے جائیں۔ وزیر اعظم نے اراکین اسمبلی کو بلدیاتی انتخابات کی تیاریإں شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔