06 ستمبر ، 2012
نیویارک… انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے پاکستان میں فرقہ ورانہ قتل واقعات پر گہری تشویش کا اظہارکیا ہے اور قتل کے الزامات میں ملوث کالعدم جماعت کے رہنما ملک اسحاق کے معاملہ کو ملکی نظام انصاف کیلئے ٹیسٹ کیس بھی قرار دیاہے ۔ ہیومن رائٹس واچ کی سالانہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ، پاکستان میں شیعہ افراد کے قتل واقعات بڑھے ہیں، ایسے واقعات میں رواں سال 320 افراد کو مارا گیا، اس میں 100 افراد صرف بلوچستان میں مارے گئے، رپورٹ کے مطابق ان واقعات کے بعد کئی افراد پکڑنے کا دعویٰ کیا گیا لیکن قانونی کارروائی صرف چند کے خلاف ہوئی جبکہ کسی ذمہ دار کو ابھی سزا نہیں ہوئی، تنظیم کے ڈائریکٹر ایشیاء بریڈ ایڈمز نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان پر زور دیا گیا ہے شیعہ برادری کو نشانہ بنانے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لازمی لایاجائے، عسکریت پسندوں کے فورسز میں رابطوں کی الزامات کی تحقیقات کرائی جائیں اور شیعہ برادری کو مکمل تحفظ دیا جائے۔