06 ستمبر ، 2012
کراچی…کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں بارش جا ری ہے جبکہ کراچی کے مختلف علاقوں ملیر، لانڈھی ،گلستان جوہر،ڈیفنس،یونیورسٹی روڈ اور گردونواح میں تیزبارش کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ سندھ کے مختلف شہروں میں شدید گرمی اور حبس کے بعد ابر رحمت آج پھر برس پڑی، جبکہ ملک کے مختلف شہروں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔حیدر آباد ، جیکب آباد ،لاڑکانہ ،رتوڈیرو، چمبڑ ، عمر کوٹ ، ہنگورجہ اور پڈعیدن میں موسلادھار بارش ہوئی جس سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔ بدین کے علاقوں دمبالو، ٹنڈو غلام علی اور گردونواح میں بھی تیز بارش ہوئی۔ نوشہروفیروز میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔ خیرپور میں تیز ہواوٴں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی، کوٹ ڈیجی اور نارا کے پہاڑوں پر موسلادھار بارش کے بعد پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی آئی۔ٹھٹھہ، تھرپارکر، مٹھی، نوابشاہ ، ٹنڈوآدم اور ٹنڈو الہ یار میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ دادو اور گردونواح میں مٹی کے طوفان کے بعد موسلادھار بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ تمام علاقوں میں بارش شروع ہوتے بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی۔ پنجاب کے شہر سیالکوٹ میں تیز آندھی کے ساتھ موسلادھار بارش جاری ہے۔ تاریں گرنے سے بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا۔گجرات اور گردونواح میں تیز آندھی کے بعد موسلادھار بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔ڈیرہ غازی خان میں بھی بارش ہوئی۔نوشہرہ اور مانسہرہ سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔