09 فروری ، 2012
اسکردو … اسکردو میں خون جما دینی والی شدید سردی کے باعث درخت پر بھی برف کی قلفیاں جم گئیں لیکن درخت پر لگی یہ قلفیاں انتہائی خوبصورت منظر پیش کر رہی ہیں۔ اسکردو میں واٹر سپلائی کا پائپ پھٹنے سے رات بھر درخت پر پانی گرتا رہا اور صبح تک درخت کی ہر شاخ پر برف کی قلفیاں جم گئیں۔ درخت کی چھوٹی شاخوں سے لپٹی برف کی صاف شفاف قلمیں نیلگوں آسمان کا عکس لئے بہت خوبصورت منظر پیش کر رہی ہیں اور سڑک سے گزرنے والا ہر شخص اس آئس ٹری کے پاس رک کر دلکش منظر کا لطف اٹھا رہا ہے۔ منظر دیکھنے والے لوگ اس بات پر بھی حیرت کا اظہار کر رہے ہیں کہ آخر پائپ لائن کا پانی درخت پر 15فٹ تک کیسے پہنچا کیونکہ سردیوں میں پائپوں میں پانی کا پریشر بھی کافی کم ہو جاتا ہے۔ برفیلی قلموں کے وزن سے درخت کی کئی شاخیں ٹوٹ بھی گئی ہیں۔