12 اگست ، 2020
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے کہا ہے کہ شکر ہے کہ پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) بن گئی، ہمیں جنگلا بس کا طعنہ دینے والا وزیراعظم کل میٹروبس کے قصیدے پڑھے گا۔
احسن اقبال نے کہا کہ مریم نواز پر ناکام قاتلانہ حملہ ملک کی سیاست کی بدترین انتقامی کارروائی ہے۔
پشاور میں مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر امیر مقام کے ہمراہ پریس کانفرس کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ بی آر ٹی پوری دنیا میں لطیفہ بن گیا ہے اور سنا ہے کہ اس کا 13 اگست کو افتتاح ہو رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں جنگلا بس کا طعنہ دینے والا وزیراعظم کل میٹرو بس کے قصیدے پڑھے گا، نقل کے لیے بھی عقل کی ضرورت ہوتی ہے، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میٹرو سے زیادہ مہنگی بی آر ٹی بنائی گئی ہے ، اربوں روپے ضائع کرنے کی قیمت خیبر پختونخوا کے غریب عوام چکائیں گے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ حکومت نے مریم نواز پر ناکام قاتلانہ حملہ کرنے کی کوشش کی ہے جو ملک کی سیاست میں بدترین انتقامی کارروائی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ مسلم لیگ ن میں کوئی گروپ بندی نہیں، شہبازشریف سے لیکر مسلم لیگ ن کے کارکن تک سب نوازشریف کی سیاست اور نظریے پر یقین رکھتے ہیں۔
اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس سے متعلق احسن اقبال نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں اے پی سی کے ذریعے قوم کے سامنے لائحہ عمل پیش کریں گی، حکومت کو مزید برداشت کرنا قوم کی سلامتی کو داؤ پر لگانے کے مترادف ہےلہٰذا ملک کو بحران سے نکالنے کے لیے منصفانہ الیکشن کی ضرورت ہے۔
خیال رہے کہ اکتوبر 2017ء میں شروع ہونے والے اس منصوبے کو خیبر پختونخوا حکومت نے 6 ماہ کے اندر مکمل کرنے کا دعویٰ کیا تھا جب کہ منصوبے پر لاگت کا تخمینہ 49 ارب روپے لگایا گیا جو 71 ارب روپے سے بھی تجاوز کرچکا ہے۔
اس منصوبے کا افتتاح کل وزیراعظم عمران خان کریں گے تاہم یہ منصوبہ اب بھی مکمل نہیں ہوا ہے اور 3 ڈپو، کمرشل پلازے اور سائیکل ٹریک پرکام اب بھی نامکمل ہے۔