07 ستمبر ، 2012
تہران… ایران کے صدر محمود احمدی نژاد نے موجودہ عالمی مینجمنٹ سسٹم کو تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ دنیا کے تمام انسان اس سے مستفید ہو سکیں۔ تہران میں فلم سازی کے بارے میں پہلی بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ دنیا کے مسائل کی سب سے بڑی وجہ انتہا پسند قوتیں ہیں جو دنیا کے ملکوں کے اوپر اپنے تسلط کو تقویت دینا چاہتے ہیں اور اس کے پیچھے موجودہ ناقص مینجمنٹ سسٹم کارفرما ہے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ نظام کے تحت طاقتور ممالک کمزور ممالک پر اپنے تسلط کو برقرار رکھنے کیلئے نت نئے حربے استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے عالمی مینجمنٹ نظام کی تبدیلی کا مطالبہ دُہرایا تاکہ دنیا کے تمام انسان اس سے مستفید ہو سکیں اور دنیا کے ممالک کے درمیان بہتر روابط فروغ پا سکیں اور کوئی ملک دوسرے ملک پر اثرانداز نہ ہو سکے اور تمام ملکوں کو یکساں انصاف تک رسائی حاصل ہو۔