Time 15 اگست ، 2020
پاکستان

نفرتوں کو ختم کرنا ہوگا، ریاستی ادارے کو ئی راستہ نکالیں: خواجہ سعد رفیق

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ملک کو آگے بڑھانے کے لیے نفرتوں کو ختم کرنا ہوگا لہٰذا ریاستی اداروں کی بھی ذمہ داری ہے کہ کوئی راستہ نکالیں۔

لاہورمیں یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ  ہم چاہتے ہیں انصاف کو زنجیر نہ پہنائی جائے ، اپنے مؤقف پر قائم رہ کر اپنے مقاصد حاصل کریں گے، سب کو نیا میثاقِ جمہوریت اور میثاق معیشت کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ احتساب کا چورن بند اور انصاف کا بول بالا ہونا چاہیے، اگر ہم اسی راستے پر چلتے رہے تو تلخیاں اور نفرتیں بڑھیں گی،  ملک کو آگے بڑھانے کے لیے نفرتوں کو ختم کرنا ہوگا، کبھی اینٹ کا جواب پتھر سے نہیں دیا، ریاستی اداروں کی بھی ذمہ داری ہے کہ کوئی راستہ نکالیں۔

سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ملک سیاستدانوں نے چلانا ہے، جمہوریت کے سوا کوئی نظام نہیں چل سکتا۔

ان کا کہنا ہے کہ ملک میں ایسا ماحول پیدا ہونا چاہیے کہ سیاسی جماعتوں میں موروثیت ختم ہو مگر اس کے لیے لازم ہے کہ سیاسی جماعتوں کو کام کرنے دیا جائے تاکہ سیاسی کارکن پرورش پائیں اور وہ جماعتوں میں سر بلند کرکے بات کرسکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر سیاسی جماعتوں میں بقاء و سالمیت کا خطرہ لاحق رہے گا تو پاکستان میں ڈائنیسٹک سیاست جاری رہے گی اور آپ روک نہیں سکیں گے۔

مزید خبریں :