دنیا
Time 19 اگست ، 2020

شان رسالت میں گستاخی کیخلاف مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال

مقبوضہ کشمیر میں 3 کشمیری مزدوروں کے قتل اور ہندو  پجاری کی توہین آمیز ویڈیو کے خلاف مکمل ہڑتال کی گئی اور مختلف علاقوں میں شدید احتجاج کیا گیا۔

خیال رہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع ریاسی میں اتوار کو مقامی کیبل چینل پر انٹرویو کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی جس میں ستپال شرما نامی شخص نے نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی شان میں گستاخانہ الفاظ کہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مقبوضہ کشمیر کی کٹھ پتلی پولیس نے واقعے میں ملوث مرکزی ملزم ستپال شرما اور اس کے دیگر 2 ساتھیوں کو گرفتار کرلیا ہے، مرکزی ملزم  بھارتیہ جنتا پارٹی کا مقامی لیڈر ہے جب کہ تینوں ملزمان کے خلاف جموں کے تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر ہونے کے بعد مقبوضہ وادی میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے اور واقعے کے خلاف وادی میں شدید احتجاج کیا جارہا ہے۔

شان رسالت میں گستاخی کے خلاف آج  کل جماعتی حریت کانفرنس کی اپیل پر مقبوضہ وادی میں ہڑتال کی اپیل کی گئی۔

کشمیری عوام نے بھارتی فوج کی سخت پابندیوں کے باوجود  مقبوضہ کشمیر کےکئی شہروں میں بھرپور احتجاج کیا اور گستاخ کو کڑی سزا دینے کا مطالبہ کیا۔

جعلی مقابلے میں 3 مزدوروں کی ہلاکت کیخلاف بھی احتجاج

کشمیری عوام نے گذشتہ ماہ بھارتی فوج کے ہاتھوں 3 مزدوروں کی ہلاکت کے خلاف بھی احتجاج کیا۔

مختلف کشمیری رہنماؤں نے مزدوروں کے قتل کی تحقیقات عالمی تحقیقاتی ادارے سے کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔

گذشتہ ماہ ان تین مزدوروں کو ضلع راجوڑی میں بھارتی فوج نے جعلی مقابلے میں شہید کرکے لاشوں کو آگ لگادی تھی جس کے باعث میتیں ناقابل شناخت ہوگئیں، اس واقعے پر بھی مقبوضہ وادی میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

مزید خبریں :