09 فروری ، 2012
ماسکو … وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ پاکستان میں ڈرون حملے مکمل طور پر غیر قانونی ہیں، یہ اہم نہیں کہ افغانستان میں امریکا جیت رہا ہے ، اہم بات یہ ہے کہ افغانستان جیت رہا ہے یا نہیں۔ ماسکو میں روسی اخبار کو انٹرویو میں حنا ربانی کھر کا کہنا تھاکہ ڈرون حملے دہشتگردی کے خلاف موٴثر ثابت نہیں ہورہے۔ ڈرون حملے کے بعد انتہا پسندوں کو نئے لوگوں کو اپنی طرف راغب کرنے کا موقع ملتا ہے۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ افغانستان میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کی سب سے بھاری قیمت پاکستان نے چکائی ہے۔ افغانستان میں استحکام کا فائدہ پاکستان کو ہوگا، طالبان سے رابطوں کا الزام بھی پاکستان پر نیا نہیں۔ افغانستان میں کام کرنے والی ہر انٹیلی جنس ایجنسی کا دوسرے گروپوں سے رابطہ ہے، پاکستان خطے میں کسی نئی محاذ آرائی کی حمایت نہیں کرتا ۔