پاکستان

گندگی اور تعفن زدہ ماحول میں اپنی مدد آپ کے تحت نجی ادارے کی مثالی کاوش

 سائٹ کے علاقے میں نجی ادارے اور مقامی پولیس کی جانب سے اپنی مدد آپ کے تحت صفائی ستھرائی کی جارہی ہے،فوٹو:جیو نیوز

کراچی میں حالیہ بارشوں کے بعد جہاں شہر کی حالت  انتہائی ناگفتہ بہ ہے وہیں شہر کے بڑے کاروباری اور صنعتی علاقے سندھ انڈسٹریل ٹریڈ اسٹیٹ (سائٹ) میں نجی کاروباری ادارے نے اپنے دفاتر کے اطراف اپنی مدد آپ کے تحت شجرکاری اور صفائی ستھرائی شروع کردی۔

کراچی میں ہونے والی حالیہ بارشوں کے بعد شہر کی کئی آبادیوں اور کاروباری علاقوں میں بارش کا پانی یاسیوریج کا گندا پانی کھڑا ہے، سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ کا معاملہ شامل کرلیں تو شہر کے باسی گوناں گوں مسائل کا شکار نظر آتے ہیں۔ 

ایسے میں  تعفن زدہ اور کوڑا کرکٹ سے اٹے سائٹ کے علاقے میں نجی ادارے اور مقامی پولیس کی جانب سے  مشترکہ طور پر اپنی مدد آپ کے تحت صفائی ستھرائی کی جارہی ہے۔

شہر کے اس بڑے انڈسٹریل ایریا کی ٹوٹی پھوٹی سڑکوں پر ہچکولے کھاتی اور رینگتی گاڑی میں سفر کے دوران سوٹڈ بوٹڈ شخصیات کو جھاڑو لگاتے اور یونی فارم میں پولیس ملازمان کو صفائی کرتے دیکھا تو حیرت ہوئی۔

 شہریوں کو چاہیے کہ جس طرح وہ اپنی گاڑی کو گندا ہونے سے بچاتے ہیں، اسی طرح کسی گلی یا سڑک کو بھی گندا نہ کریں، خرم خلیل نینی تال والا،فوٹو: جیو نیوز

کون اور کیوں کا جواب پانے کے لیے نمائندہ جیو نیوز نے رک کر  بات شروع کی تو سڑک پر واقع بڑے ادارے کے سی ای او خرم خلیل نینی تال والا آگے آئے اور استفسار پر  بتایا کہ لوگ گاڑی میں چیزیں کھاتے پیتے ہیں اور ان کے ریپرز یا ڈبے باہر پھینک دیتے ہیں، جس سے نہ صرف گندگی ہوتی ہے بلکہ وہی چیزیں زیرزمین لائنوں یا گٹروں میں پھنس کر سیوریج کی بندش کا سبب بنتی ہیں۔

 ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو چاہیے کہ جس طرح وہ اپنی گاڑی کو گندا ہونے سے بچاتے ہیں، اسی طرح کسی گلی یا سڑک کو بھی گندا نہ کریں، گندگی سے آبادیاں متاثر ہوتی ہیں اور وہاں رہنے یا کام کرنے والے لوگوں کی صحت پر انتہائی برا اثر پڑتا ہے۔

 خرم خلیل کا کہنا تھا کہ انہوں نے سب سے پہلے اپنی مدد آپ کے تحت اپنے دفاتر کے اطراف کی سڑک کی صفائی کروائی، اس کے بعد یہاں پھل اور سایہ دینے والے درخت لگائے ہیں، یہ علاقہ ہمارا ہے، ہم نے یہاں رہنا ہے اور یہاں کام کرنا ہے، اس لیے اسے اچھا ہونا چاہیے۔

 انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سائٹ میں ان کی یہ سڑک صاف ستھری، مثالی اور آئیڈیل روڈ ثابت ہوگی، لوگ جب یہاں پر آئیں اور گزریں تو یہ سڑک سائٹ کے لوگوں کے لیے ایک مثال ہوگی کہ لوگ اپنی مدد آپ کے تحت بھی ایسا کرسکتے ہیں۔

اس کاروباری گروپ کی قابل تقلید کاوش سے سائٹ انڈسٹریل ایریا ایف ٹو کی یہ شاہراہ بہت منفرد لگتی ہے، لگائے گئے پودوں کی آبیاری کے ساتھ ساتھ ان کی حفاظت کے لیے گملے بھی بنائے گئے ہیں۔ 

سائٹ بی تھانے کے ایس ایچ او انسپکٹر  زوار حسین، نجی ادارے کے عہدیدار طاہر محمود، رضا شاہد، عائشہ ریاض اور دیگر افسران و ملازم اس مہم میں پیش پیش ہیں۔

اس کاوش میں کمپنی کی ہیلتھ اینڈ سیفٹی کوآرڈینیٹر نازیہ گلوانی بھی پیش پیش تھیں، ان کا کہنا ہے کہ شہر میں آلودگی بہت بڑھ رہی ہے، اس بنا پر یہ صفائی مہم شروع کی گئی ہے، اس کا مقصد اپنی مدد آپ کے تحت صاف اور بہتر ماحول فراہم کرنا ہے۔ 

ان کا مزید کہنا ہے کہ ماحول جتنا بہتر ہوگا، ہماری صحت اور جنریشن کے لیے اتنا ہی اچھا ہوگا۔

صفائی مہم میں حصہ لینے والوں نے امید ظاہر کی ہے کہ ان کی طرح کراچی کے دیگر مکین بھی اپنی رہائش یا کام کے آس پاس کے ماحول کو صاف رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔

مزید خبریں :