20 اگست ، 2020
وطن عزیز کے لیے جان قربان کرنے والے پاک فضائیہ کے پائلٹ راشد منہاس شہیدکا آج 49 واں یوم شہادت ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ راشد منہاس کے یوم شہادت پر قوم انہیں خراج عقیدت پیش کرتی ہے، انہوں نے جواں عمری میں وطن پر جان نچھاورکرکے وفاشعاری کی روشن تاریخ لکھی۔
ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج کا دن ہمیں فرض کی ادائیگی میں جان کا نذرانہ پیش کرنے والے پائلٹ افسر راشد منہاس شہید نشان حیدر کی عظیم قربانی کی یاد دلاتا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ راشد منہاس شہید نے مادر وطن کی خدمت میں پاک فضائیہ کی عظیم روایات کو قائم رکھا۔
ترجمان پاک فضائیہ نے راشد منہاس شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ راشد منہاس نے 20 اگست 1971ء کے دن ملکی فضاؤں میں ناقابل فراموش داستان لکھی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ راشد منہاس شہید نے اپنی جان مادر وطن پرقربان کر دی لیکن ملکی وقار پر آنچ نہیں آنے دی۔
یوم شہادت کے موقع پر پاک فضائیہ کی جانب سے مختصر دستاویزی فلم بھی جاری کی گئی ہے جس میں سب سے کم عمر نشان حیدر راشد منہاس شہید کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان ائیرفورس کے کم عمر جانباز پائلٹ نے 1971ء میں جہاز دشمن ملک لے جانے کی سازش ناکام بناتے ہوئے وطن پر جان قربان کردی تھی جس پر انہیں ملک کا سب سے بڑا فوجی اعزاز نشان حیدر دیا گیا۔