20 اگست ، 2020
پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عباس اور شاہین شاہ آفریدی مشترکہ منصوبہ بندی سے مخالف بیٹسمینوں کو آؤٹ کرتے ہیں۔
فاسٹ بولر محمد عباس کا کہنا ہے کہ شاہین شاہ آفریدی کے ساتھ بولنگ کر کے مزہ آتا ہے، پریکٹس اور میچ کے دوران ہم آپس میں بات چیت کر کے حکمت عملی بناتے ہیں۔
فاسٹ بولر محمد عباس 20 ٹیسٹ اور 3 ون ڈے میچز میں پاکستان ٹیم کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ محمد عباس کہتے ہیں کہ شاہین شاہ آفریدی بہت جلد سیکھ رہا ہے، شاہین کے ساتھ بولنگ کرنے کا مزہ آتا ہے، میچ کے دوران ہم آپس میں بات چیت کرتے ہیں اور حکمت عملی بناتے ہیں کہ کیسے اٹیک کرنا ہے اور کیسے آؤٹ کرنا ہے۔
محمد عباس نے کہا کہ ہم نئے بال سے وکٹیں لینے کی کوشش کرتے ہیں اور اسی کی پلاننگ کرتے ہیں کیونکہ نئے بال سے ہی وکٹیں لینے کا ٹیم کو فائدہ ہوتا ہے جب جلد وکٹیں لیں گے تو مخالف ٹیم پر دباؤ بڑھے گا اور اپنی ٹیم کو فائدہ ہو گا۔
محمد عباس نے کہا کہ میری کوشش ہوتی ہے کہ شاہین شاہ آفریدی نے وکٹیں لی ہیں تو میں بھی وکٹیں لوں، پہلے ٹیسٹ میچ میں بھی ایسا ہی ہوا اور ہم دونوں نے وکٹیں لیں۔
محمد عباس نے کہا کہ کنڈیشنز ، پچز اور بال کے فرق کی وجہ سے انگلینڈ میں بولرز کو مدد ملتی ہے اور سیمرز کامیاب ہو تے ہیں، سیم بولر کی وجہ سے انگلینڈ میں مجھے بھی مدد ملتی ہے، میں ہر کنڈیشن میں اچھی بولنگ کی کوشش کرتا ہوں، میرے کیریئر کی بہترین بولنگ دبئی میں ہے لیکن یہ ضرورہے کہ انگلینڈ میں بولروں کو بیسٹمیوں پر حاوی ہونے کا موقع ملتا ہے۔
محمد عباس نے بتایا کہ بین اسٹوکس اس وقت دنیا کا ایک بڑا نام ہے، وہ بہترین آل راؤنڈر ہیں، میچ سے قبل بین اسٹوکس کی بیٹنگ کی ویڈیوز دیکھی تھیں اور پلان تیار کیا ہوا تھا، بین اسٹوکس کو اچھے ایریا میں بولنگ کرنے کی کوشش کی جس میں کامیاب ہوا۔
محمد عباس نے کہا کہ جب کوئی بیٹسمین وکٹ پر نکل کر کھیلنے کی کوشش کرتا ہے تو میں سمجھتا ہوں کہ اب بیٹسمین نے مجھ سے ڈسٹرب ہونا ہے میں خود ڈسٹرب نہیں ہوتا بیٹسمینوں کو ڈسٹرب کرتا ہوں۔
فاسٹ بولر نے کہا کہ ہمیں افسوس ہے کہ مانچسٹر ٹیسٹ میں کامیابی حاصل نہیں کر سکے، انگلینڈ دو گھنٹے اچھا کھیل کر جیت گیا، دوسرا ٹیسٹ بارش کی نذر ہو گیا، تیسرے ٹیسٹ میچ کے لیے پرجوش ہیں، ہمیں محنت کرنا ہے تاکہ تیسرا ٹیسٹ جیتیں اور سیریز برابر کریں۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ کل سے ساؤتھمپٹن میں شروع ہو گا۔