پاکستان

اپر کورس کا امتحان: کراچی پولیس کے نامی گرامی سابق ایس ایچ اوز سمیت درجنوں افسران ناکام

کراچی پولیس کے اپر اسکول کورس کے امتحان میں لگ بھگ 300 امیدواروں میں سے محض 67 پاس ہوسکے ہیں جب کہ ایک خاتون پولیس افسر سمیت 23 کو اضافی رعایتی نمبر دے کر کامیاب قرار دیا گیا ہے۔

 فیل پولیس افسران میں کراچی کے کئی سابق نامی گرامی ایس ایچ اوز بھی شامل ہیں۔ 

بلدیہ ٹاؤن کراچی میں واقع شاہد حیات پولیس ٹریننگ کالج سعید آباد کے پرنسپل شوکت علی گھٹیان نے بتایا کہ رواں سال کراچی پولیس کے سب انسپکٹر کے اپر اسکول کورس کے بیج نمبر 107 کے لگ بھگ 300 امیدواروں نے حصہ لیا تھا۔ 

شوکت کھٹیان کے مطابق ان میں سے بہت سے امیدوار پولیس افسران کو جعل سازی، نااہلی یا دیگر مختلف وجوہات کی بنا پر اپر کورس سے خارج کر دیا گیا تھا اور انہیں واپس ان کے متعلقہ شعبوں میں رپورٹ کرنے کا کہا گیا تھا۔

پرنسپل نے بتایا کہ اپر کورس کی فزیکل ٹریننگ شروع ہوئی تو کورونا وائرس نے دنیا بھر کی طرح اس تربیت کو بھی متاثر کیا اور امیدواروں کو فزیکل ٹریننگ کا استثنیٰ دیا گیا مگر پولیس کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں ان امیدواروں کے تحریری امتحانات کو لازمی قرار دیا گیا جس پر گزشتہ ماہ سے تحریری امتحانات شروع کیے گئے تھے جس کا نتیجہ گزشتہ روز جاری کیا گیا ہے۔ 

انتظامیہ کی جاری کردہ فہرست کے مطابق مجموعی طور پر 67 امیدوار پاس ہوسکے جن میں سے کوئی ایک بھی پولیس افسر اے ون یا اے گریڈ نہیں لے سکا، 9 امیدواروں نے بی گریڈ حاصل کیا جب کہ دیگر تمام پولیس افسران کی گریڈ میں پاس ہوئے۔ 

فہرست کے مطابق 23 ناکام امیدواروں کو ایک سے 5 تک کے گریس مارکس دے کر پاس قرار دیا گیا ہے جن میں ایک خاتون پولیس افسر بھی شامل ہیں جب کہ امتحان میں انتہائی برے طریقے سے ناکام ہونے والے پولیس افسران میں کئی نامی گرامی سابق ایس ایچ اوز بھی شامل ہیں۔

پولیس ٹریننگ سینٹر کے پرنسپل شوکت علی کھٹیان کے مطابق فیل ہونے والے امیدوار پولیس افسران کو اب دوبارہ تحریری امتحان میں شامل ہونے کے لیے ایک سال انتظار کرنا پڑے گا، یہ امیدوار اب اپنے اسکول کورس کے 108ویں بیچ کے امتحان میں شریک ہو سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ موجودہ ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے عہدے کا چارج لینے کے بعد قابل اور ایماندار پولیس افسران کو کراچی کے تھانوں میں ایس ایچ او تعینات کرنے کا بیڑا اٹھایا تھا اور اس سلسلے میں پولیس افسران کے انٹرویوز اور تحریری امتحان لینے کا سلسلہ بھی شروع کیا گیا۔ 

ذرائع کے مطابق نئے ایس او پیز میں یہ بھی لازم قرار دیا کہ ایس ایچ او کی تعیناتی کے امیدوار کیلئے اپر اسکول کورس کا پاس ہونا ضروری ہے۔

مزید خبریں :