22 اگست ، 2020
ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹڈاپ) اسکینڈل میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گيلانی کے ساتھ شریک ملزم محمد ہارون لاپتا نہیں، انہیں بیوی نے دوست کے ساتھ مل کر قتل کیا اور قتل کے بعد لاش کو جلادیا گيا۔
سندھ ہائیکورٹ میں ٹڈاپ اسکینڈل میں یوسف رضاگیلانی کے شریک نامزد ملزم محمد ہارون کی بازیابی سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی جس میں پولیس نے بتایا کہ ملزم کو قتل کردیا گیا ہے۔
دوران سماعت پولیس کی جانب سے عدالت میں رپورٹ جمع کروائی گئی جس میں بتایا گیا ہے کہ محمد ہارون لاپتا نہیں، بلکہ بیوی نے دوست کے ساتھ مل کر اسے قتل کر دیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم کی لاش کو بھی جلا دیا گیا تھا، قتل کے بعد ملزم کی بیوی صنم ہارون نے عدالت میں شوہر کی گمشدگی کی درخواست دائر کی جس کے بعد صنم کے دوست کو گرفتار کرلیا گیا اور ملزم نے قتل کا اعتراف بھی کرلیا۔
عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کو ہدایت کی کہ صنم ہارون کو پیش کیا جائے، جس کے بعد کیس کی مزید سماعت پیر تک ملتوی کردی گئی۔
خیال رہے کہ ٹڈاپ اسکینڈل میں یوسف رضا گیلانی سمیت 25 افراد پر کرپشن کی فرد جرم عائد کی جاچکی ہے اور صرف یوسف رضا گیلانی پر 7 ارب روپے کی کرپشن کا الزام ہے جس سے وہ انکار کرتے ہیں۔