Time 24 اگست ، 2020
پاکستان

لاہور میں خاتون افسر کو ہراساں کرنے کے الزام میں پیٹرول پمپ مالک گرفتار

لاہور میں وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے)  سائبر کرائم ونگ نے پاکستان ایڈمنسٹریٹو گروپ کی خاتون آفیسر کو جنسی طورپر ہراساں کرنے کے الزام میں پیٹرول پمپ کے مالک کو گرفتار کرلیا۔

ایف آئی آر کے مطابق پاکستان ایڈمنسٹریٹو گروپ کی خاتون آفیسر نے ایف آئی اے کو بتایا کہ انہوں نے ستمبر 2019 میں پی ایچ اے کی گاڑیوں کی فیولنگ کے معاملے میں پیٹرول پمپ مالک میاں عبدالرحمٰن ناصر کے خلاف ایک کروڑ 20 لاکھ روپے کے گھپلوں کی انکوائری کی تھی۔

اس دوران ملزم سے تین چار ملاقاتیں ہوئیں، ملز م نے ان کی تصاویر اور ویڈیوز بنا کر بلیک میل کرنا شروع کردیا۔

ملزم پر یہ بھی الزام ہے کہ اس نے سوشل میڈیاپر قابل اعتراض ویڈیو ز اورتصاویر اپ لوڈ کی تھیں۔

خاتون آفیسر کی شکایت پر سائبر کرائم ونگ کی ٹیم نے ملزم کے پیٹرول پمپ پر چھاپہ مارا لیکن ملزم خاتون آفیسر کے گھر پہنچ گیا۔

آفیسر کی اطلاع پر ملزم کو گرفتار کرکے اس سے 2 موبائل فونز اور تصاویر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے ثبوت حاصل کرلیے۔

حکام نے بتایا کہ ملزم نے یہ تصاویر اور ویڈیوز خاتون آفیسر کے اہلخانہ کے علاوہ اپنے دو بھائیوں کو بھی بھیجی تھیں جب کہ سائبر ونگ نے معاملے کی مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔

مزید خبریں :