29 اگست ، 2020
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں بارش کے پانی کے بہاؤ میں رکاوٹ بننے والی تمام عمارتوں کو مسمار کرنے کا حکم دے دیا۔
کراچی میں بارش کے بعد کی صورت حال پر اجلاس ہوا، جس میں کمشنرکراچی نے شہر میں برساتی پانی جمع ہونے کے مقامات سے متعلق بریفنگ دی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ضلع جنوبی میں برساتی پانی کھڑا ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ 10 محرم پر جلوس کے راستے کلیئر ہونے چاہئیں، باتھ آئی لینڈ، شاہراہ فیصل اور کلفٹن کےمختلف بلاکوں سے پانی صاف کیا جائے۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ بارش کے پانی کا بہاؤ رکنےکے تمام مقامات کی نشاندہی کرکے دیں،پانی کے بہاؤ میں سرکاری عمارت رکاوٹ ہویا نجی اسے بلڈوز کریں،کراچی کو ٹھیک کرنا ہے اب چاہےکتنے ہی سخت اقدامات کیوں نہ کرنے پڑیں۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ مجھے تمام گلیاں صاف چاہئیں، لوگ کہتے ہیں حکومت نظر نہیں آتی، تمام ڈی سیز کراچی میں اپنے علاقوں کے نالوں کی دیکھ بھال کریں،نالے برساتی بہاؤ سے صاف ہوجاتے ہیں لیکن کیچڑ اور تھیلیاں نالے چوک کر دیتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی(کے ایم سی) کا اربن ڈیزاسٹر ریسپانس یونٹ بھی متحرک نظر نہیں آیا،کام میں مصروف سرکاری عملےکو جیکٹ پہنائی جائے تاکہ عوام کو معلوم ہوسکےکہ حکومت متحرک ہے۔