Time 29 اگست ، 2020
پاکستان

یوم عاشور پر پہلی بار چہرہ شناخت کرنے اور نمبر پلیٹس پڑھنے والے کیمروں کا استعمال

کراچی میں محرم الحرام کیی مرکزی مجالس اور جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے جدید ترین فیچرز چہروں کی شناخت اور نمبر پلیٹس ریڈنگ کیمروں کی مدد سے شروع کر دی گئی ہے۔

مرکزی کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر میں خصوصی سافٹ ویئرز سے فوری طور پر کسی بھی مشکوک شخص یا گاڑی کی معلومات سیکیورٹی اہلکاروں کو فراہم کی جا سکیں گی، شب عاشور اور یوم عاشور پر سیکیورٹی انتہائی سخت رہے گی۔

کراچی میں شب عاشور اور یوم عاشور کی سیکیورٹی کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ٹھوس اقدامات کیے ہیں، کمانڈ اینڈ کنٹرول روم سے جاری نگرانی میں پہلی مرتبہ جدید ترین فیچرز استعمال کیے جا رہے ہیں۔

جدید کیمروں کی مدد سے اس بار چہروں کی شناخت کے عمل کو ممکن بنایا گیا ہے، مجالس یا جلوس میں فوری طور پر کسی بھی مشکوک شخص کی شناخت نادرا اور کرمنل ریکارڈ آفس کے ڈیٹابیس سے فوری معلوم کی جاسکے گی۔

گاڑیوں کے نمبر پلیٹس بھی جدید کیمروں سے پڑے جاسکیں گے، نمبر پلیٹس پڑھنے کی خصوصیت والے کیمرے بھی پہلی مرتبہ استعمال کیے جارہے ہیں، فوری طور پر کسی بھی مشکوک گاڑی کی معلومات حاصل کر کے گراؤنڈ پر موجود فورسز کو دی جا سکیں گی۔

شب عاشور پر مجالس اور امام بارگاہوں کے لیے پولیس اور رینجرز اہلکاروں کی بھاری نفری کی تعیناتی کے ساتھ ساتھ بم ڈسپوزل اسکواڈ کی جانب سے مسلسل تلاشی لی جاتی رہے گی جبکہ یوم عاشور کے مرکزی جلوس کے لیے مسلسل فضائی نگرانی کے علاوہ سادہ لباس اہلکاروں کی تعیناتی کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔

شب عاشور اور یوم عاشور پر شہر میں 513 مجالس اور مرکزی جلوس سمیت 281 جلوس برآمد کیے جائیں گے، جس میں مجموعی طور پر 20 ہزار کے قریب اہلکاروں کو سیکیورٹی پر تعینات کیا گیا ہے۔

مزید خبریں :