08 ستمبر ، 2012
مقبوضہ بیت المقدس… فلسطین کی مختلف تنظیموں نے امریکہ کی ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دینے کے فیصلے کی شدید مذمت کی ہے۔ چند روز قبل ڈیموکریٹک پارٹی کے سالانہ کنونشن میں مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالخلافہ بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ فلسطین کی مختلف تنظیموں نے ڈیموکریٹک پارٹی کے اس فیصلے کی شدید مذمت کی ہے۔ فلسطین لبریشن آرگنائزیشن کی انتظامی کمیٹی کے سیکرٹری جنرل یاسر عبدالرب نے ایک ریڈیو انٹرویو میں بتایا کہ ڈیموکریٹک پارٹی نے امریکی یہودیوں کی حمایت حاصل کرنے کیلئے امریکہ کی روایتی پالیسی سے خطرناک انحراف کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ میں مقیم یہودیوں کی حمایت حاصل کرنے کیلئے دونوں جماعتوں کو اس طرح کے خطرناک فیصلوں سے بچنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے خطے میں امن کیلئے شدید خطرات پیدا ہوگئے ہیں۔ دریں اثناء دیگر فلسطینی تنظیموں نے بھی اس فیصلے کی شدید مخالفت کی ہے۔