04 ستمبر ، 2020
ڈیرہ اسماعیل خان: ماہراساتذہ کی عدم دستیابی، پرانےنصاب اورتحقیق کی ناقص سہولیات پر ہائر ایجوکیشن کمیشن نےگومل یونیورسٹی میں 9 پی ایچ ڈی پروگرام روک دیے۔
رپورٹ کے مطابق ہائر ایجوکیشن کمیشن نے گومل یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان میں 9 پی ایچ ڈی پروگرام روک دیے ہیں جب کہ 10 پروگراموں کے کورسز کو غیر معیاری قراردیدیا ہے۔
یونیورسٹی کو معاشیات، بنیادی طبی سائنس، ریاضی، فزکس، مائیکروبیالوجی، زولوجی ، بائیو کیمسٹر ی اورفوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں داخلے روکنے کی ہدایت کی گئی ہے جب کہ 10 شعبہ جات مینجمنٹ اسٹڈیز ، ایجوکیشن ، فارماسیوٹکس ، فارماسیوٹیکل کیمسٹری ، بائیولوجی ، کیمسٹری ، پلانٹ بریڈنگ اور جینٹکس ، زراعت ، باغبانی اور سائل سائنس کے پروگراموں کے کورس کی آؤٹ لائن کو بہتر بنانے، خصوصی اساتذہ کی خدمات حاصل کرنے اور دیگر سہولیات بہتر بنانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
ایچ ای سی نے ماہر اساتذہ کی عدم دستیابی، پرانے نصاب اور تحقیق کی ناقص سہولیات پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
ایچ ای سی رپورٹ میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہےکہ طلبا ایک پروگرام میں داخلہ لیتے ہیں اور انہیں دوسرے پروگرام کی ڈگری سے نوازا جاتا ہے، یونیورسٹی سے کہا گیا ہے کہ 9 پروگراموں کی کلاسز ، امتحان ، مقالہ ، دفاع اورڈگریوں کا اجرا بند کردیاجائے۔