08 ستمبر ، 2020
سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے جوائنٹ ڈائریکٹر ساجد گوندل کے اغوا کے معاملے پر 3 رکنی کمیٹی قائم کردی گئی۔
وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے داخلہ و احتساب شہزاد اکبر، وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری اور سیکرٹری داخلہ کمیٹی میں شامل ہیں۔
کمیٹی وزیراعظم کو تحقیقات سے متعلق رپورٹ پیش کرے گی۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے ساجد گوندل کو بازیاب کرانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔
گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ نے سیکرٹری داخلہ کو ساجد گوندل کا معاملہ کابینہ کے سامنے رکھنے کا حکم دیا تھا۔
دوسری جانب ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق تفتیشی ٹیموں نے اس مقام کا دورہ کیا جہاں سے مبینہ طور پر ساجد گوندل کو اغوا کیا گیا، اور جہاں سے ان کی کار لاوارث کھڑی ملی تھی۔
ایس ای سی پی کے لاپتہ افسر ساجد گوندل کے کیس میں ایس ای سی پی کے کئی ملازمین کو بھی شامل تفتیش کرلیا گیا ہے۔
ادھر ساجد گوندل کے اہل خانہ نے وزیراعظم آفس کے باہر احتجاج کیا۔ ساجد گوندل کی اہلیہ کہتی ہیں کہ کوئی ادارہ ان سے رابطہ نہیں کررہا ، حکومتی ادارے مدد کریں، وہ بس یہ چاہتی ہیں کہ ساجد جلد واپس آجائيں۔
خیال رہے کہ سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے جوائنٹ ڈائریکٹر ساجد گوندل چند روز قبل وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے لاپتا ہوگئے تھے۔
ان کی گاڑی زرعی تحقیقاتی مرکز شہزاد ٹاؤن کے قریب کھڑی ملی تھی۔