Time 12 ستمبر ، 2020
پاکستان

موٹروے زیادتی: واقعے سے قبل آکر رکنے والے ٹرک کی تلاش جاری

لاہور: موٹروے پر خاتون سے زیادتی کے کیس میں تحقیقاتی ٹیم اور ایک ٹرک اور اس کے عملے کی بھی تلاش ہے۔

پولیس کےمطابق خاتون سے زیادتی کے واقعےسے پہلےمخالف سمت سے آنے والا ٹرک خاتون کی کار دیکھ کر رکا تھا اور ٹرک سے ایک شخص اترا جو ڈیوائڈر عبورکرکےگاڑی کے پاس آیا تھا، ٹرک والے نےگاڑی کاشیشہ کھٹکھٹاکرخاتون سےبات کرنےکی کوشش کی۔

پولیس کا کہنا ہےکہ خاتون نے دروازے اور شیشے لاک کیے رکھے اور اشاروں سے رکنےکی وجہ بتائی، جس پر ٹرک سے اترنے والے نے خاتون کی کارکا بونٹ بھی اٹھایا تھا۔

پولیس کے مطابق خاتون نے اپنے موبائل فون سے ٹرک کی تصویرلےلی تھی تاہم فون سے ملنے والی تصویر میں ٹرک کا نمبر واضح نہیں  ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ٹرک جانےکے 5 منٹ بعد 2 ملزمان آئے اور خاتون کی کار کا شیشہ توڑ دیا۔

واقعے کا پسِ منظر

9 ستمبر کو لاہور کے علاقے گجر پورہ میں موٹر وے پر خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کا واقعہ پیش آیا۔

اطلاعات کے مطابق دو افراد نے موٹر وے پر کھڑی گاڑی کا شیشہ توڑ کر خاتون اور اس کے بچوں کو نکالا، موٹر وے کے گرد لگی جالی کاٹ کر سب کو قریبی جھاڑیوں میں لے گئے اور پھر خاتون کو بچوں کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنایا۔

ایف آئی آر کےمطابق گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والی خاتون رات کو تقریباً ڈیڑھ بجے اپنی کار میں اپنے دو بچوں کے ہمراہ لاہور سے گوجرانوالہ واپس جا رہی تھی کہ رنگ روڈ پر گجر پورہ کے نزدیک اسکی کار کا پیٹرول ختم ہو گیا۔

کار کا پٹرول ختم ہونے کے باعث موٹروے پر گاڑی روک کر خاتون شوہر کا انتظار کر رہی تھی، پہلے خاتون نے اپنے ایک رشتے دار کو فون کیا، رشتے دار نے موٹر وے پولیس کو فون کرنے کا کہا۔

جب گاڑی بند تھی تو خاتون نے موٹروے پولیس کو بھی فون کیا مگر موٹر وے پولیس نے مبینہ طور پر کہا کہ کوئی ایمرجنسی ڈیوٹی پر نہیں ہے۔

ذرائع کے مطابق موٹروے ہیلپ لائن پر خاتون کو جواب ملا کہ گجر پورہ کی بِیٹ ابھی کسی کو الاٹ نہیں ہوئی۔

ایف آئی آر کے مطابق اتنی دیر میں دو مسلح افراد موٹر وے سے ملحقہ جنگل سے آئےاور کار کا شیشہ توڑ کر زبردستی خاتون اور اس کے بچوں کو نزدیک جنگل میں لے گئے جہاں ڈاکوؤں نے خاتون کو بچوں کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنایا اور اس سے طلائی زیور اور نقدی چھین کر فرار ہو گئے۔

خاتون کی حالت خراب ہونے پر اسے اسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے ۔ خاتون کی طبی ملاحظے کی رپورٹ فرانزک کے لیے بھجوا دی گئی ہے جبکہ خاتون کے رشتے دار کی مدعیت میں پولیس نےمقدمہ درج کر لیا۔

پولیس کے مطابق زیادتی کا شکار خاتون کے میڈیکل ٹیسٹ میں خاتون سے زیادتی ثابت ہوئی ہے۔

مزید خبریں :