دنیا
Time 21 ستمبر ، 2020

6 ماہ سے بند تاج محل کوسیاحوں کے لیے کھول دیا گیا

فائل فوٹو

بھارتی حکومت نے 6 ماہ سے بند تاج محل کوسیاحوں کے لیے کھول دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق تاج محل اور آگرہ کے قلعے کو کورونا وائرس کی وجہ سے 17 مارچ کو سیاحوں کے لیے بند کردیا گیا تھا جنہیں اب تقریباً 6 ماہ بعد کھول دیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہےکہ تاج محل اور آگرہ قلعہ کو مکمل ایس او پیز کے ساتھ کھولا گیا ہے اور یہاں آنے والے سیاحوں کو کورونا کے باعث نافذ ہدایات پر عمل کرنا ہوگا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مرکزی حکومت کی جانب سے جاری گائیڈ لائنز کے تحت سیاحوں کو سماجی فاصلہ برقرار رکھنا ہوگا اور ہینڈ سینیٹائزر کا استعمال بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کا بتانا ہےکہ تاج محل میں ایک روز کے دوران 5 ہزار سیاحوں کو داخلے کی اجازت دی گئی ہے جن میں سے 2500 سیاح دوپہر 2 بجے سے پہلے اور 2500 دو بجے کے بعد جائیں گے جب کہ آگرہ قلعہ میں بھی روزانہ 2500 سیاحوں کو آنے کی اجازت ہوگی۔

تاج محل اور آگرہ قلعہ آنے والے سیاحوں کے لیے ماسک کا استعمال لازم قرار دیا گیا ہے جب کہ ٹکٹس کاؤنٹر بند رہیں گے اور ٹکٹس کی بکنگ آن لائن کی جائے گی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اترپردیش ملک میں کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والی پانچویں ریاست ہے جہاں کیسز کی مجموعی تعداد تقریباً ساڑھے تین لاکھ ہے۔

مزید خبریں :