10 ستمبر ، 2012
بلغراد… سربیا نے الزام لگایا ہے کہ 1990ء کے تنازعات اور جھگڑوں کے دوران سرب قیدیوں کے اعضاء نکال کر عالمی بلیک مارکیٹ میں فروخت کئے جاتے رہے۔ سربیا کے جنگی جرائم کے پراسیکیوٹر ولادیمیر وکسیوک نے کہا ہے کہ ان کے پاس ایسے شواہد اور گواہ موجود ہیں جن کے مطابق کوسوو میں جنگ کے دوران سرب قیدیوں کے دل اور دیگر اہم اعضاء نکال کر بھاری قیمتوں پر فروخت کئے جاتے رہے۔ دوسری طرف کوسوو نے ان الزامات کو محض پروپیگنڈہ قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے اور کہا ہے کہ ہمارے پاس مستند معلومات تھیں کہ ہماری مکمل آزادی کے دن سربیا ایسے الزامات لگا کر ہماری خوشیوں کو کم کرنے کی کوشش کرے گا۔ کوسوو کے وزیر خارجہ اینور بک باخ نے کہا کہ ہمیں معلوم تھا کہ جب سربیا کی مخالفت کے باوجود کوسووو پر کی جانے والی عالمی نگرانی ختم ہو رہی ہے سربیا پروپیگنڈہ مہم میں تیزی لائے گا۔