11 ستمبر ، 2012
دبئی… تیسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 94 رنز کے ریکارڈ مارجن سے شکست دے دی، قومی ٹیم صرف 74 رنز بناسکی، جو گرین شرٹس کی تاریخ کا کم ترین اسکور ہے۔ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹی 20 سیریز کے آخری میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو بیٹنگ کی دعوت دی جو کافی مہنگی پڑی، آسٹریلیا نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ پر 168 رنز بنائے، دبئی میں چھکوں کی برسات بھی ہوئی، چوکوں کی گونج بھی سنائی دی، آسٹریلیا کے بیٹسمین بھی گرجے، بولرز بھی برسے، کینگروز نے اگلا پچھلا حساب چکتا کردیا، شین واٹسن کے 47 رنز میں 6 چھکے جبکہ وارنر نے 59 رنز کیلئے 5 چھکے لگائے، آسٹریلوی اوپنرز نے 111 رنز کا آغاز فراہم کیا پھر آسٹریلوی اوپنرز کی جگہ پاکستانی بولرز چھاگئے اور رنز کی برسات کچھ تھم گئی، پاکستان کی جانب سے عمر گل، یاسر عرفات اور سعید اجمل نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان کو جیت کیلئے 169 رنز کا ہدف ملا، لیکن گرین شرٹس کی ایسی بے بسی شاید پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی، سارے کھلاڑی مل کر محض 74 رنز ہی جوڑ سکے، ٹی 20 میں پاکستان نے اتنے کم رنز کبھی نہیں بنائے تھے، پھر شکست بھی 94 رنز کے ریکارڈ مارجن سے اٹھانی پڑی، قومی کھلاڑیوں میں ناصر جمشید 17، عبدالرزاق 13 اور یاسر عرفات 15 رنز بناسکے ان کے علاوہ کوئی کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہیں ہوسکا، آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک اور پیٹ کمنز نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔ پاکستان ٹیم نے سیریز تو 2-1 سے جیت لی تاہم آخری میچ کی شکست نے سارا نشہ اتار دیا، پاکستانی ٹیم کو آخری میچ میں اتنی بڑی ناکامی میگا ایونٹ کیلئے ایسا سبق ہوگی جو ہر کھلاڑی کو یاد رہے گا۔