08 اکتوبر ، 2020
حکومت سندھ کی جانب سے نئے ضلعے کیماڑی کے بنائے جانے کے بعد پولیس کے انتظامی ڈھانچے میں بھی ایک نیا ضلع بنائے جانے پر غور ہو رہا ہے اور امکان ہے کہ جلد اس سلسلے میں کارروائی مکمل کر لی جائے گی۔
پولیس ذرائع کے مطابق نئے انتظامی ضلعے کو کیماڑی کا نام دیا جاسکتا ہے جس میں کیماڑی، بلدیہ اور سائٹ ڈویژنز کے تھانے شامل ہوں گے۔
ضلع سٹی پھر لیاری ڈویژن اور اولڈ سٹی ایریاز کے تھانے پر مشتمل رہ جائے گا، اس کے نیتجے میں ضلع ویسٹ میں اورنگی ڈویژن اور گلشن معمار تھانے شامل ہوسکتے ہیں۔
نئے ضلعے کے نیتجے میں شہر میں ضلعی ایس ایس پیز کی تعداد 8 ہوجائے گی، نئے ضلعے کیماڑی کو ویسٹ زون میں شامل کیا جاسکتا ہے، اس طرح ویسٹ زون میں کیماڑی، ویسٹ اور وسطی اضلاع شامل ہوجائیں گے۔
ایسٹ زون میں پہلے ہی ملیر، کورنگی اور ایسٹ اضلاع کے تین ایس ایس پیز ہیں۔
ساؤتھ زون میں سٹی اور ساؤتھ زون کے ایس ایس پیز تعینات ہوں گے، نئے ضلعے کے وجود میں آنے کے بعد ایس ایس پیز کی سطح پر ٹرانسفرپوسٹنگز بھی متوقع ہیں۔