Time 08 اکتوبر ، 2020
پاکستان

مردم شماری کا عمل جیسا بھی تھا اب مکمل ہوچکا: سپریم کورٹ

اسلام آباد: سپریم کورٹ میں مردم شماری سے متعلق درخواست کی سماعت میں جسٹس مشیر عالم نے ریمارکس دیے کہ مردم شماری کا عمل جیسا بھی تھا اب مکمل ہوچکا ہے۔

سپریم کورٹ میں مردم شماری سے متعلق ایم کیو ایم کی درخواست پر سماعت ہوئی جس میں ایم کیو ایم کے وکیل صلاح الدین نے عدالت کو بتایا کہ رجسٹرار آفس نے ایم کیو ایم کی درخواست پر اعتراض کیا تھا جس کے بعد مردم شماری کے اعداد و شمار سے متعلق درخواست میں ترمیم کردی ہے۔

اس پر جسٹس منیب اختر نے کہا کہ  مردم شماری کے بعد اب کافی وقت گزرچکا لہٰذا بہتر ہوگا نئی درخواست دائر کریں۔

عدالت نے کہا کہ نئی درخواست دائر کریں جو واضح ہو ، مردم شماری پراعتراضات نئی درخواست میں اٹھائے جائیں، مسئلہ صرف آپ کا نہیں دیگر صوبوں کا بھی ہے۔

ایم کیو ایم کے وکیل نے کہا کہ مشترکہ مفادات کونسل سے مردم شماری ڈیٹا کا آڈٹ کرانے کا فیصلہ کیا تھا، درخواست میں نشاندہی کی کچھ علاقوں میں ووٹرزیادہ لیکن آبادی کم دکھائی گئی، درخواست میں مردم شماری میں ہوئی غلطیوں کی نشاندہی کی۔

ایم کیو ایم کے وکیل کے مؤقف پر جسٹس مشیر عالم نے کہا کہ مردم شماری کا عمل جیسا بھی تھا اب مکمل ہوچکا ہے۔

مزید خبریں :