11 اکتوبر ، 2020
ٹارگٹ کلنگ اور جرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے پیش نظر کراچی میں ایک ماہ کے لیے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
حکومت سندھ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایڈیشنل آئی جی کی جانب سے 10 اکتوبر کو لکھے گئے خط میں اس خدشے کا اظہار کیا گیا تھا کہ شرپسند عناصر کی جانب سے شہر کا امن خراب کرنے کی اطلاعات ہیں اور حال ہی میں کراچی میں ہینڈ گرینیڈ پھینکنے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں اور مذہبی رہنماؤں کی ٹارگٹ کلنگ کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں، لہذا درخواست ہے کہ ایک ماہ کے لیے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کی جائے۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ امن و امان کی صورت حال کو برقرار رکھنے اور شدت پسندانہ کارروائیوں سے بچنے کے لیے صوبائی حکومت نے دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے فوری طور پر 30 روز کے لیے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی ہے۔
خواتین، 12 سال سے کم عمر بچے، سینئر سٹیزن، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار اور صحافی اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔