پاکستان
Time 14 اکتوبر ، 2020

این اے 120کے ضمنی الیکشن میں ڈھائی ارب خرچ کرنے کا معاملہ نیب کو بھیجنے کا فیصلہ

وزیراعظم عمران خان کے مشیر داخلہ و احتساب شہزاد اکبر نے الزام لگایا ہےکہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے دور میں این اے 120کے ضمنی انتخاب کو چرانے کےلیے منصوبہ بندی کی گئی۔

لاہور میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر شہزاد اکبرکاکہنا تھاکہ شاہد خاقان عباسی کے دور حکومت میں این اے120 لاہور میں ہونے والے ضمنی انتخاب سے قبل حلقے میں ڈھائی ارب کاخرچہ ترقیاتی فنڈز کے نام پرکیاگیا۔

ان کاکہنا تھاکہ الیکشن قوانین کے مطابق انتخابی عمل کے دوران ترقیاتی کاموں پر پابندی ہوتی ہے لیکن بیگم کلثوم نواز کے ضمنی الیکشن میں مریم نواز نے سرکاری خزانے سے ڈھائی ارب روپے خرچ کیے۔

شہزاد اکبرکاکہنا تھاکہ نیشنل انجینیئرنگ سروس پاکستان( نیسپاک) کے زیرحراست ملزمان نے اعتراف کیا ہےکہ انھوں نے انتخابات کے دنوں میں کام کیے، یہ معاملہ اینٹی کرپشن سے قومی احتساب بیورو (نیب) کو بھیج رہے ہیں اور الیکشن کمیشن میں ریفرنس بھی بھیجاجائےگا۔

اس موقع پر صوبائی وزیر صحت اور2017 کے ضمنی انتخاب میں کلثوم نواز کے مدمقابل تحریک انصاف کی امیدوار یاسمین راشدکاکہنا تھاکہ این اے 120 میں دھاندلی سے متعلق کیے گئے دعوے آج سچ ثابت ہورہے ہیں اس وقت ہم نے شور مچایا تھا لیکن ہماری نہیں سنی گئی۔

خیال رہےکہ لاہور کے حلقہ این اے 120 سے عام انتخابات 2013 میں نوازشریف 91 ہزار 666 ووٹ لےکرکامیاب ہوئے تھے جب کہ تحریک انصاف کی یاسمین راشد 52 ہزار 321 ووٹ لےکرکامیاب ہوئی تھیں۔

28 جولائی 2017کو سپریم کورٹ کی جانب سے سابق وزیراعظم نواز شریف کو پاناما کیس میں نااہل قرار دیے جانےکے بعد اس حلقے میں 17 ستمبر کو ضمنی انتخاب ہوا تھا۔

ضمنی انتخاب میں نواز شریف کی اہلیہ مرحومہ کلثوم نواز 61ہزار 745 ووٹ لےکر کامیاب ہوئی تھیں جب کہ یاسمین راشد 47 ہزار 99 ووٹ لےکر دوسرے نمبر پر رہی تھیں۔

الیکشن کے وقت کلثوم نواز علالت کے باعث لندن کے اسپتال میں داخل تھیں اوران کی الیکشن مہم مریم نواز نے چلائی تھی۔

مزید خبریں :