11 ستمبر ، 2012
جکارتہ… انڈونیشیا میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں پولیس کو مطلوب ملزم محمد طارق نے گرفتاری دے دی۔ انسداد دہشتگردی فورس کی جانب سے ملک میں غیر ملکیوں کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث گروہ کے خلاف مہم کے دوران ملزم محمد طارق نے پیر کوخود کو بم بنانے والے آلات‘گولہ بارود‘ خودکش جیکٹ اور گن کے ساتھ پولیس فورس کے حوالے کیا۔ فورس کی جانب سے گزشتہ ہفتہ محمد طارق کے گھر پر چھاپہ مارا گیا تھا جس کے بعد وہ روپوش ہوگیا تھا۔ طارق نے پولیس کو بتایا ہے کہ اس کا تعلق ایک ایسے گروپ سے ہے جو پولیس اور پارلیمنٹ کو بم سے اڑانے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔ پولیس نے ملزم کے گھر سے 5 پائپ بم،دھماکوں میں استعمال ہونے والا مواد اور جہادی کتب بھی برآمد کی ہیں۔ انہوں نے پولیس کو مزید بتایا کہ وہ پولیس اور انڈونیشیا کی انسداد دہشت گردی فورس پر خودکش بم حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔