11 ستمبر ، 2012
برسلز… بحر شمالی اوقیانوس کے ممالک کے دفاعی اتحاد کے سیکریٹری جنرل اینڈرس فوگ راسموسن نے کہاہے کہ نیٹو کا شام میں مداخلت کا کوئی ارادہ نہیں۔ یہ بات انہوں نے نیٹو ہیڈ کوارٹرز میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کی ۔ انہوں نے شام کیلئے مسئلے کے سیاسی حل کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے خیال میں شام کیلئے اقوام متحدہ اور عرب لیگ کے مشترکہ ایلچی کو فی عنان کے منصوبہ میں جمہوریت کی طرف پیش رفت کیلئے بنیادی ڈھانچہ مومود ہے اور شام کے حوالہ سے درست سمت میں پیش رفت سیاسی حل کی تلاش ہے ۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ شامی قیادت کو اپنے عوام کی امنگوں کا احترام کرنے کیلئے متفقہ پیغام دے ۔ انہوں نے اس سوال کا جواب دینے سے گریز کیا کہ شامی حکومت کی طرف سے کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال ملک میں نیٹو کی فوجی مداخلت کیلئے ریڈ لائن تصور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شام کی حکومت کی طرف سے ایسے اقدامات کے کوئی شواہد سامنے نہیں آئے ۔