11 ستمبر ، 2012
کراچی…کراچی غربی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن حب ریور روڈ میں گارمنٹس فیکٹری میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں اسپتال ذرائع کے مطابق 10افراد جاں بحق ہوگئے ہیں،جس میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔معلوم ہوا ہے کہ آگ پر اب تک قابونہیں پایا جاسکا ہے اور 40 فائر بریگیڈ آگ بجھانے میں مصروف ہیں ،یہ بھی بتایا جاتا ہے کہ اس فیکٹری میں زیادہ تر خواتین کام کرتی تھیں ۔علاقے کے رکن صوبائی اسمبلی کے مطابق اس سے قبل بھی یہاں آگ لگ چکی ہے تاہم اس پر کوئی توجہ نہیں دی گئی ۔اس سے قبل جب جیو نیوز کی ٹیم نے آگ لگنے کے حوالے سے اپنے ناظرین کو براہ راست صورتحال سے آگاہ کرنے کے لیے اپنی جان جوکھو میں ڈالی تو فیکٹری انتظامیہ نے ٹیم کو جیو نہ صرف کوریج کرنے سے روکنے کی کوشش کی بلکہ کیمرہ توڑنے کے ساتھ ہاتھا پائی بھی کی۔فائر ماہرین کے مطابق یہ تیسرے درجے کی آتشزدگی ہے جس کے نتیجے میں آگ پر قابو پانے کے لیے پورے شہرسے فائر ٹینڈرز طلب کرلیے جاتے ہیں۔دریں اثناء صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر صغیر احمد نے کہا ہے کہ فیکٹری میں لگنے والی 7افرادجاں بحق ہوگئے ہیں،انھوں نے کہا کہ اس واقعے میں31افرادزخمی بھی ہوئے ہیں۔انھوں نے کہا کہ جناح اور سول اسپتال کراچی میں ایمرجنسی لگادی گئی ہے۔