10 فروری ، 2012
اسلام آباد…وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ بلوچستان میں فوج یا ایف سی نہیں، تیسری قوت نفرت پھیلا رہی ہے، بلوچستان کو علیحدہ کرنے کی بہت بڑی سازش کی جا رہی ہے جس کا مل کر سد باب کرنا ہو گا۔اسلام آباد میں سینٹ اجلاس کے دوران وقفہ سوالات میں جواب دیتے ہوئے رحمان ملک کا کہنا تھا کہ کوئی ہے جو بلوچستان میں فوج ، ایف سی اور پولیس کو مار رہا ہے ، براہمداغ بگٹی کی بہن کو جو گولیاں لگیں وہ پاکستان میں نہیں بنتیں ، ان کا سراغ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ کوئی تو ہے جو تربت میں بیٹھے دور دراز علاقوں کے نوجوانوں کو جدید اسلحہ اور سیٹلائٹ فون دے رہا ہے ، بلوچستان میں کی جانے والی سازش بارے ایوان میں حقائق بیان کروں گا، رحمان ملک کا کہنا تھا کہ وہ آغاز حقوق بلوچستان پیکیج پر عمل درآمد کی رپورٹ ایوان میں پیش کریں گے ، 85 فیصد عمل درآمد ہو چکا ہے جس کے ثبوت موجود ہیں۔