پاکستان

وزیراعظم کی سینیٹ الیکشن 'اوپن بیلٹ' کے ذریعے کرانے کیلئے انتخابی اصلاحات کی ہدایت

وزیراعظم عمران خان نے سینیٹ الیکشن 'اوپن بیلٹ' کے ذریعے کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کابینہ کمیٹی کو انتخابی اصلاحات کے نفاذ کےلیے 3 ماہ کا وقت دے دیا۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں انتخابی اصلاحات پر کابینہ کو بریفنگ دی گئی۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے اجلاس میں کرکٹ ایمپائر اور میچ فکسنگ کی مثالیں دیں، ان کا کہنا تھاکہ سینیٹ میں میچ فکسنگ نہیں ہوگی۔

وزیراعظم نے سینیٹ الیکشن 'اوپن بیلٹ'کے ذریعے کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں نتائج کا ڈر نہیں، انتخابی اصلاحات نظام کے لیے ضروری ہیں، چاہے ہمیں نقصان ہو، سینیٹ الیکشن میں خفیہ رائے شماری نہیں ہونی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک وقت میں کرکٹ میں بھی اپنے اپنے امپائر تھے اور میچ فکس ہوتے تھے، میں کرکٹ میں بھی غیر جانبدار امپائر کا کلچر لایا، الیکشن میں بھی میچ فکس نہیں ہونا چاہیے، ووٹ کا تقدس ضروری ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے انتخابی اصلاحات کے نفاذ کے لیے کابینہ کمیٹی کو 3 ماہ کی ڈیڈ لائن دے دی۔

کابینہ اجلاس میں گندم کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزراء فخر امام اور خسرو بختیار سے سوالات بھی کیے اور وزراء کو گندم کی امدادی قیمت فوری مقرر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ فوری طور پر بیٹھیں اور معاملہ حل کیا جائے۔

مزید خبریں :