پاکستان
Time 12 نومبر ، 2020

’بیرون ملک پاکستانیوں کیلئے بڑی خوشخبری‘

فوٹو: فائل

سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری ہے۔

فیصل جاوید نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ بیرون ملک اثاثے ظاہر کرنے والوں کے لیے ایک بڑی خوشخبری ہے، وزیراعظم آج نیا پاکستان سرٹیفکیٹ کا اجراء کریں گے۔

سینیٹر فیصل جاوید نے مزید کہا کہ ان سرٹیفکیٹس پر امریکی ڈالرز پر 7 فی صد اور پاکستانی روپے پر 11 فی صد منافع دیا جائے گا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ شرعی اصول و قواعد کے مطابق اسلامک سرٹیفکیٹس بھی دستیاب ہیں، سرٹیفکیٹس 3 ماہ سے 5 سال کی مدت کے لیے دستیاب ہوں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما کا کہنا تھا کہ مقررہ مدت سے قبل بھی سرمایہ نکلوایا جا سکے گا، این آر پیز ہوں گی اور نہ ہی کوئی ٹیکس فائلنگ درکار ہو گی، صرف خالص منافع پر 10 فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس لاگو ہو گا۔

فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ نیاپاکستان سرٹیفکیٹ میں انویسٹمنٹ مکمل طور پر قابل واپسی ہے اور ان فنڈز کو بیرون ملک منتقل کرنے کے لیے کوئی منظوری درکار نہیں ہو گی۔


مزید خبریں :