10 فروری ، 2012
لاہور … وزیر دفاع چوہدری احمد مختار نے کہا ہے کہ توہین عدالت کیس میں وزیر اعظم سید یوسف گیلانی کو جیل جانا پڑا تو وہ جیل جانے سے نہیں ڈرتے ، پہلے بھی جیل کاٹ چکے ہیں۔ اسلام آباد سے لاہور پہنچنے کے بعد علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو میں ان کاکہنا تھا کہ پیپلز پارٹی پہلے بھی عدالتوں کا احترام کرتی رہی ہے، آئندہ بھی کرتی رہے گی۔ وزیر دفاع نے پیپلز یونٹی آف پی آئی اے ایمپلائیز یونین کے زیراہتمام گروپ تین سے چار میں ترقی پانے والے ملازمین کی جانب سے دیئے گئے استقبالیہ میں شرکت کی۔ اس موقع پر کارکن پیپلز پارٹی اور وفاقی حکومت کے حق میں نعرے لگاتے رہے۔ ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو میں احمد مختارکا کہنا تھا کہ منصور اعجاز جھوٹا شخص ہے اس کے ویڈیو بیان کی کوئی حیثیت نہیں، نواز شریف پہلے میمو گیٹ اسکینڈل پر عدالت گئے اور پھر لندن چلے گئے، وہ واپس تو آ چکے ہیں لیکن اب کہیں نظر نہیں آ رہے۔