پاکستان
10 فروری ، 2012

قومی اسمبلی : 20ویں ترمیم پرایک بار پھر کوئی کارروائی نہ ہوسکی

اسلام آباد … قومی اسمبلی میں 20ویں ترمیم پر ایجنڈے میں شامل ہونے کے باوجود ایک بار پھر کوئی کارروائی نہ ہوسکی۔ وفاقی وزیر مواصلات ارباب عالمگیر کا کہنا ہے کہ نیٹو سپلائی کے باعث سڑکوں کو 123 ارب روپے کا نقصان ہوا۔ قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران وزیر مواصلات ارباب عالمگیر کا کہنا تھا کہ نقصانات پورے کرنے کامعاملہ نیٹوفوج کے سامنے اٹھایا جائے گا۔ ایک ضمنی سوال پر ڈپٹی اسپیکر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ گندے پانی سے سبزیاں اگانے کا معاملہ میڈیا میں آیا ہے جو انتہائی تشویش ناک ہے۔ پارلیمانی سیکریٹری نواب لیاقت علی نے اسے صوبائی معاملہ قرار دیدیا، اس پر ڈپٹی اسپیکر نے کہا ہے کہ اگر سب صوبوں کا کام ہے تو پھر وفاقی حکومت کا کیا کام ہے، وزارتیں کیوں بنا دی گئی ہیں۔ انہوں نے پارلیمانی سیکریٹری سے کہا کہ صوبے میں بھی ان کی ہی حکومت ہے، اس معاملے کو دیکھا جائے۔ وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے ڈپٹی اسپیکر سے درخواست کی کہ چوہدری نثار کے فوج سے متعلق الفاظ قومی اسمبلی کی کارروائی سے حذف کئے جائیں۔

مزید خبریں :