05 دسمبر ، 2020
حیدرآباد میں انسداد دہشتگردی کی عدالت نے کالعدم تحریک طالبان کے 12 دہشتگردوں کو جرم ثابت ہونے پر پچیس پچیس سال قید کی سزا سنا دی۔
سینٹرل جیل حیدرآباد میں قائم انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر 2 کے جج غلام مصطفیٰ اے میمن نے جرم ثابت ہونے پر 12 دہشت گردوں کو سزا کا حکم سنایا۔
جن دہشتگردوں کو سزا سنائی گئی ان میں جنداللہ کا سرغنہ عطاء الرحمان، قاسم طوری، شہزاد، شعیب، مجیب سمیت 12 دہشتگرد سینٹرل جیل حیدرآباد میں قید ہیں۔
دہشتگردوں پر 2004 میں کراچی کے گلستان جوہر تھانے پر دستی بم سے حملہ کرنے کے بعد فائرنگ کر کے 5 پولیس اہلکاروں کو شہید کرنے کا الزام تھا۔ حملے میں امیر علی، اشفاق احمد، ملک سرفراز سمیت 5 اہلکار شہید ہوئے تھے۔
اس کے علاوہ دہشتگرد کور کمانڈر کراچی احسن سلیم حیات پر حملے کے کیس میں بھی ملوث تھے۔