10 فروری ، 2012
اسلام آباد … وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس 14 فروری کو طلب کر لیا گیا ہے جس میں 20 ویں آئینی ترمیم کی منظوری حاصل کی جائے گی۔ کابینہ ڈویژن ذرائع کے مطابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس14 فروری کو ہو گا جس میں الیکشن کمیشن کی خود مختاری، نگران حکومت کے اتفاق رائے سے قیام اور نامکمل الیکشن کمیشن کے تحت ہونے والے ضمنی انتخابات کو آئینی تحفظ دینے بارے 20 ویں آئینی ترمیم کو منظوری کے لئے پیش کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اتحادی جماعتوں کو 20 ویں آئینی ترمیم پر اعتماد میں لیں گے جس کے بعد اسے منظوری کے لئے قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ اجلاس میں مشترکا مفادات کونسل کے حالیہ اجلاس کے فیصلوں کی بھی توثیق کا امکان ہے۔