08 دسمبر ، 2020
کراچی کے علاقے کورنگی میں محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) نےکارروائی کرکے کالعدم سپاہ محمد زینبیون گروپ کے 2 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔
ملزمان نے مفتی نظام الدین شامزئی، مفتی یوسف لدھیانوی سمیت کئی افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے ۔
سی ٹی ڈی اعلامیہ کے مطابق خفیہ اطلاع پر کورنگی میں کارروائی کی گئی جس میں کالعدم سپاہ محمد کے 2 کارندے گرفتارکیے گئے ، گرفتار ملزمان میں کرار حسین عرف پٹھان اور کامران حیدر عرف کامی شامل ہیں۔
ملزمان سے اسلحہ اور گولیاں برآمدکی گئیں۔ اعلامیے کے مطابق ملزمان نے 2007 سے 2013 تک مذہبی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہونے کا انکشاف کیا ہے۔
ملزم کرار نے آغا حسن کے حکم پر شاہ فیصل میں مدثر نامی شخص کو قتل کیا، ملزم نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر ڈاکٹر محبوب اور ڈیفنس میں عیسیٰ نامی شہری کو قتل کرنے کا بھی اعتراف کیا۔
ملزم کامران حیدر نے 2007 میں اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ جماعت اسلامی کے کارکن، 2018 کے آغاز میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے قاری کو گلشن اقبال میں قتل کرنے کا بھی اعتراف کیا۔
ملزم نے دوران تفتیش مفتی یوسف لدھیانوی ، مفتی نظام الدین شامزئی کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہونے کے علاوہ قتل کی دیگر ی وارداتوں میں ملوث ہونے کا بھی اعتراف کیا۔ سی ٹی ڈی کے مطابق ملزم پڑوسی ملک سے تربیت یافتہ ہیں۔