پاکستان
15 ستمبر ، 2012

نائن زیرو پر قومی سانحہ کے متاثرین کیلئے امدادی کیمپ،ارکان رابطہ کمیٹی موجود

کراچی …بلدیہ ٹاؤن میں رونما ہونے والے المناک قومی سانحہ کے متاثرین کی مالی معاونت کیلئے ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو عزیز آباد پر لگائے گئے امدادی کیمپ میں مخیر حضرات ،ذمہ داران ، کارکنان ، ہمدردوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی جانب سے اپنے عطیات جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے ۔ امدادی کیمپ کے دوسرے روز ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو پر قومی سانحہ کے متاثرین کیلئے اپنے عطیات دینے کیلئے آنے والوں کا ہجوم دکھائی دیا اور لوگوں نے بڑھ چڑھ کر اس کار خیر میں حصہ لیا ۔اس موقع پر ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ز انیس احمد قائم خانی ، ڈاکٹر نصرت ، اراکین رابطہ کمیٹی کیہمراہ ا یم کیوایم کے مختلف شعبہ جات کے ذمہ داران نے عوام سے عطیات وصول کیے امدادی کیمپ میں طلبہ ، طالبات ، ڈاکٹرز ، انجینئرز ، سرکاری و نیم سرکاری محنت کشوں ، صحافیوں ، وکلاء ، علمائے کرام ،سیاسی ، سماجی شخصیات اور کاروباری حضرات سمیت زندگی کے دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے قومی سانحہ کے متاثرین کیلئے دل کھول کر اپنے عطیات جمع کرائے ۔ ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان اور حق پرست اراکین قومی وصوبائی اسمبلی نے امدادی کیمپ پر قومی سانحہ کیلئے عطیات دینے کیلئے آنے والے افراد کے جذبے کو سراہا اور ان سے شکریہ کے ساتھ عطیات وصول کئے ۔ اراکین رابطہ کمیٹی نے حق پرست عوام سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ قائد تحریک الطاف حسین کی اپیل پر جس طرح عوام نے دل کھول کر عطیات دیئے ہیں وہ قابل ستائش ہیں اور دکھ کی اس گھڑی میں ایم کیو ایم کے تمام کارکنان سانحہ بلدیہ ٹاوٴن کے متاثرین کے ساتھ ہیں اورہر ممکن مدد کرنے میں کوئی کثر نہیں چھوڑی جائے گی۔ ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان نے کہا کہ بلدیہ ٹاؤن میں ہونے والے قومی سانحہ سب پر گہرے دکھ اور افسوس کے سائے چھوڑ گیا ہے اور اپنے ساتھ نجانے کتنے کے پیاروں کو لے گیا ہے ۔ رابطہ کمیٹی کے ارکان نے کہاکہ قائد تحریک الطاف حسین قومی سانحہ کے متاثرین کی امداد اور بحالی کیلئے انتہائی فکر مند ہیں اور ان کی ہدایت پر شہید اور زخمی ہونے والے افراد کے اہل خانہ اور لواحقین کی ہر ممکن امداد یقینی بنائی جارہی ہے ، ان کے غموں کو بانٹا جارہا ہے اور ایم کیوایم آخری وقت تک قومی سانحہ کے اپنے متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی ۔ دریں اثناء الطاف حسین کی ہدایت پر ایم کیوایم کے فلاحی ادارے خدمت خلق فاؤنڈیشن کے زہر اہتمام بلدیہ ٹاؤن میں رونما ہونے والے ہولناک قومی سانحہ میں شہید ہونے والے افراد کے لواحقین اورزخمیوں کے اہلخانہ کیلئے لاکھوں روپے مالیت کی ٹرکوں پر مشتمل غذائی اجناس اور امدادی سامان کی دوسری کھیپ روانہ کردی گئی ہے ۔امدادی سامان اور غذائی اجناس کی دوسری کھیپ ہفتہ کے روز ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ز ڈاکٹر فاروق ستار ، محترمہ نسرین جلیل ، رابطہ کمیٹی کے ارکان واسع جلیل ، کنور خالد یونس افتخار اکبر رندھاوا نے متاثرہ فیکٹری کے لواحقین کیلئے یادگار ِ شہدائے حق بمقام جناح گراؤنڈ عزیز آباد سے اپنی نگرانی میں روانہ کی ۔امدادی سامان میں فی متاثرہ خاندان کیلئے دو ماہ کا راشن ہے جن میں دالیں ، تیل ، گھی ، چائے کی پتی ، خشک دودھ اوردیگر ضروریات زندگی کی اشیاء بڑی مقدارمیں شامل ہیں ۔ اس موقع پر حق پرست رکن قومی اسمبلی خواجہ سہیل منصور اور حق پرست صوبائی مشیر خواجہ اظہار الحسن بھی موجود تھے ۔ دریں اثناء خدمت خلق فاؤنڈیشن کی جانب سے قومی سانحہ کے متاثرین کیلئے گزشتہ روز روانہ کئے گئے امدادی سامان اور غذائی اجناس کو حق پرست اراکین قومی وصوبائی اسمبلی نے قصبہ علی گڑھ، اورنگی ٹاؤن اور بلدیہ ٹاؤن کے شہید اور زخمی ہونے والے افراد کی رہائشگاہوں پر پہنچایا اور ان سے سانحہ پر الطاف حسین کی جانب سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کیا ۔ اس موقع پر ایم کیوایم کراچی تنظیمی کمیٹی کے انچارج حماد صدیقی و اراکین بھی موجود تھے ۔ امدادی سامان کے یہ پیکٹ بلدیہ ٹاؤن میں حق پرست صوبائی وزیر عبد الحسیب اور حق پرست رکن سندھ اسمبلی حنیف شیخ نے شہید اور زخمی افراد کی رہائشگاہوں پر پہنچائے ، اورنگی ٹاؤن میں امدادی سامان کے یہ پیکٹ حق پرست صوبائی وزیر شیخ محمد افضل ، رکن قومی اسمبلی عبد القادر خانزدہ ، ارکان سندھ اسمبلی سیف الدین خالد اور خالد عمر نے متاثرین کے گھروں پر پہنچائے جبکہ قصبہ علی گڑھ میں امدادی سامان کے یہ پیکٹ حق پرست رکن سندھ اسمبلی مظاہر امیر نے شہید اور زخمی ہونے والے افراد کی رہائشگاہوں پر پہنچائے ۔ اس موقع پر حق پرست ارکان قومی وصوبائی اسمبلی نے قومی سانحہ میں شہید و زخمی ہونے والے افراد کے لواحقین اور اہل خانہ کو صبر کی تلقین کی اور شہید اء کے بلنددرجات اور زخمیوں کی جلدومکمل صحت یابی کیلئے دعا بھی کی ۔

مزید خبریں :