11 دسمبر ، 2020
بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک بار پھر شہری آبادی پر بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک خاتون زخمی ہو گئیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی کے تتہ پانی سیکٹر میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے جان بوجھ کر شہری آبادی کو مارٹر گولوں اور بھاری ہتھیاروں سے نشانہ بنایا، بھارتی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں 55 سال کی خاتون زخمی ہوگئیں ہیں جنہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔
خیال رہے کہ دو روز قبل بھی بھارتی فوج نے ایل او سی پر اشتعال انگیزی کی تھی، پاک فوج کی جوابی کارروائی میں بھارت کو بھاری جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا تھا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے دو جوان بھی شہید ہو گئے تھے۔