Time 12 دسمبر ، 2020
پاکستان

پی آئی اے نے مہنگی لیز پر حاصل اے ٹی آر طیارہ کمپنی کو واپس کردیا

اے ٹی آر 72 طیارے آپریشن اور لاگت کے لحاظ سے غیر منافع بخش ہیں: ترجمان پی آئی اے— فوٹو:فائل

پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) نے مہنگی لیز پر حاصل اے ٹی آر 72 طیارے بیڑے سے خارج کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق مہنگی لیز پر حاصل اے ٹی آر 72 طیارے 2015 میں لیے گئے تھے جو اب موجودہ مارکیٹ کے حساب سے بہت مہنگے ثابت ہو رہے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ طویل مدت لیز معاہدہ ان طیاروں کی واپسی کی راہ میں رکاوٹ تھا، کورونا کے دوران چیف ایگزیکٹو آفیسر کی ہدایات پر پی آئی اے نے معاہدے کی خاص شق سے فائدہ اٹھایا اور پہلا اے ٹی آر طیارہ آج صبح کراچی سے جنوبی افریقا کے شہر جوہانسبرگ روانہ ہوگیا۔

سی ای او پی آئی اے ائیر مارشل (ر) ارشد ملک نے کہا کہ موجودہ حالات میں یہ فیصلہ مشکل مگر ناگزیر تھا، پی آئی اے اپنے بیڑے کو جدید بنانے کے راستے پر گامزن ہے اور جلد نئے طیارے بیڑے میں شامل ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ اے ٹی آر 42 طیارے منافع بخش اور چھوٹے ہوائی اڈوں سے آپریٹ کرتے رہیں گے۔

واضح رہے کہ پی آئی اے کے پاس 4 اے ٹی آر 72 طیارے تھے اوراے ٹی آر 72 کا ایک طیارہ واپس جانے کے بعد 3 طیارے پی آئی اے کے فضائی آپریشن کا حصہ ہیں اور یہ بھی بتدریج واپس کر دیے جائیں گے۔

مزید خبریں :