Time 15 دسمبر ، 2020
پاکستان

ن لیگ میں چار، چھ لوگ وکٹ کے دونوں جانب کھیل رہے ہیں، جاویدلطیف کا اعتراف

لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف کا کہنا ہے کہ ن لیگ میں چار، چھ لوگ وکٹ کے دونوں جانب کھیل رہے ہیں، نواز شریف کے بعد مریم نواز کو پوری پارٹی اور دیگر جماعتیں قائد سمجھتی ہیں۔

 میڈیا سے گفتگو میں جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ کچھ لوگوں کے وکٹ کے دونوں جانب کھیلنے کا عام لوگوں کو پتہ ہے تو لیڈر شپ کو کیوں پتہ نہیں ہوگا، ایک وقت آئے گا جب اسی طرف کھیلیں گے جہاں قیادت کھلانا چاہے گی۔

جاوید لطیف کا کہنا تھاکہ میں ایک نظریہ کے ساتھ کھڑا ہوں، میں نے نواز شریف کو پاکستان کی سیاست میں بہتر سمجھا، جانا اور دیکھا ہے، نواز شریف کے بعد مریم نواز کو پوری پارٹی اور دیگر جماعتیں قائد سمجھتی ہیں، آج مریم نواز کے فالوورز نوجوان ہیں  جو یہ سمجھتے ہیں کہ مریم جو کہتی ہیں وہ کرتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے جزا و سزا کی بات ایک تناظر میں کی ہے ، یوتھ چاہتی ہے کہ پارٹی میں احتساب کا عمل ہونا چاہیے جس کا مریم نواز نے اظہار کیا ہے، پارٹی میں کام کرنے والوں کی جگہ نکما آدمی آگے آکر بیٹھ جائے تو سزا و جزا تو ہونی چاہیے،انتخابات کے موقع پر پارٹی ٹکٹ کے اجرا کے وقت ہی سزا ہوتی ہے۔

ن لیگی رہنما کا کہنا تھاکہ باقی اسٹیبلشمنٹ کی طرح ہماری جماعت کی بھی اسٹیبلشمنٹ کمزور ہوگئی ہے، ہماری جماعت کے اندر بھی اس طرح کی تگڑی فیصلہ سازی نہیں تھی، جس کی شکایت پارٹی کے اندرکام کرنے والے لوگوں کو تھی اور سعد رفیق نے پارٹی کے اندر انہی معاملات پر اظہار خیال کیا اور ان کے مؤقف کی 99.9 لوگوں نے حمایت کی اور مریم نوازکا کہنا تھاکہ اگرماضی میں یہ سلسلہ نہیں ہوسکا تواب ایسا نہیں ہوگا۔

مزید خبریں :