19 دسمبر ، 2020
بوم بوم شاہد آفریدی قلندرز فیملی کا حصہ بن گئے اور وہ ابو ظبی ٹی ٹین لیگ میں قلندرز ٹیم کے آئیکون پلیئر ہوں گے
ابوظبی ٹی ٹین لیگ کی ٹیم قلندرز کے آنر عاطف رانا نے لاہور میں ایک نیوز کانفرنس میں آئیکون پلیئر کا اعلان کیا جب کہ قلندرز کے ساتھ چوہدری عمر کی کمپنی کے ساتھ شراکت داری کا اعلان بھی پریس کانفرنس میں کیا گیا۔
عاطف رانا نے کہا کہ آج یہ اعلان کرتے ہوئے بڑے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ لالہ شاہد آفریدی قلندرز فیملی کے ساتھ جڑ گئے ہیں اور وہ 28 جنوری سے شروع ہونے والی ابوظبی ٹی ٹین لیگ میں قلندرز کے آئیکون پلئیر ہوں گے۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ آج قلندرز فیملی کا حصہ بننے پر خوشی ہو رہی ہے، خواہش بہت پرانی تھی، لاہور قلندرز سارا سال کام کرتی ہے صرف ایک ماہ کی سرگرمیوں تک محدود نہیں رہتی اس لیے قلندرز فیملی کا حصہ بننا اعزاز ہے۔
قلندرز کے کوچ عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ شاہد آفریدی سے بڑا کوئی آئیکون پلیئر نہیں ہو سکتا وہ اکیلے اسٹیڈیم بھر سکتا ہے، بہت پرجوش ہیں کہ شاہد آفریدی اس مرتبہ قلندرز کا حصہ ہوں گے۔
گزشتہ برس شاہد آفریدی پی سی بی کی جانب سے پاکستانی کرکٹرز کو این او سی جاری نہ کیے جانے کی وجہ سے نہیں کھیل سکے تھے لیکن اس مرتبہ انہیں این او سی جاری کردیا گیا ہے۔