Time 19 دسمبر ، 2020
پاکستان

سندھ میں قلت کے باوجود 50 ملین مکعب فٹ گیس سوئی ناردرن کو دیے جانے کا انکشاف

سوئی ناردرن کو 50 ملین مکعب فٹ گیس دیے جانے کے بعد کراچی میں گیس کی قلت میں اضافہ ہوگیا۔

سردی کے موسم میں گیس کی بندش نے شہریوں کو پریشان کردیا ہے اور کھانا پکانا پانی گرم کرنا محال ہوگیا ہے۔

بل بھرپور آرہے ہیں لیکن گیس نہیں آرہی ، کھارادر کی خواتین کو روز ایک نیا کام آن پڑا ہے کہ سلنڈر میں گیس بھروانے جائیں۔

خواتین گھروں میں گیس آمد کی امید میں بار بار ماچس کی تیلیاں جلا رہی ہیں جبکہ کم أمدن طبقہ پہلے ہی مہنگائی تلے روند دیا گیا ہے اور اب دوپہر کے کھانے میں چند پکوڑوں سے گزارا کررہا ہے۔

چند مجبور پرانے کراچی والے لکڑیوں سے گزارا کرنا شروع ہو گئے ہیں اور کہتے ہیں کہ قریب محلے میں گیس ہے یہاں نہیں لہٰذا یہ گیس قلت کیساتھ بد انتظامی کا بھی معاملہ ہے۔ 

سندھ میں گیس کی کمی کے باوجود سوئی سدرن کی جانب سے 50 ملین مکعب فٹ گیس سوئی ناردرن کو دیے جانے کا انکشاف ہوا ہے ترجمان سوئی سدرن کا کہنا ہے کہ تین روز کیلئے گیس سوئی ناردرن کو دی ہے۔

اس کے علاوہ سردی بڑھتے ہی ملک میں گیس کا بحران پیدا ہوگیا ہے۔

لاہورسمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں گیس پریشرمیں کمی، چولھوں میں گیس کم ،خواتین کے لیے محنت زیادہ، عوام کا کہنا ہے کہ مہنگائی سے پہلے ہی مشکل تھی ، سلنڈرکے اخراجات بھی بڑھ گئے۔

 پنجاب بھر کے سی این جی اسٹیشنوں کو غیر معینہ مدت کے لیے گیس کی فراہمی معطل کردی گئی ہے جبکہ پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے سی این جی اسٹیشنوں پر اگلے چار روز کے لیے سی این جی کی سپلائی بند ہے۔

سوئی سدرن نے بھی گیس کی قلت کے باعث سندھ میں سی این جی اسٹیشنوں کےلیے نیا شیڈول جاری کردیا ، آج اور پیرکو سی این جی اسٹیشن بند رہیں گے۔

مزید خبریں :