Time 24 دسمبر ، 2020
کھیل

‏اعصام الحق بڑھتی عمر کی وجہ سے پریشان ہونے لگے

فوٹو:جیونیوز

‏ ٹینس اسٹار اعصام الحق کا کہنا ہے کہ اب محسوس ہو رہا ہے کہ عمر کے ساتھ انجری سے نجات پانے میں دیر لگتی ہے۔

 چند ہفتے قبل گھر میں بھانجوں کے ساتھ کھیلتے ہو ئے اعصام الحق کا پاؤں زخمی ہو گیا تھا اور انہیں ٹینس سے دور ہونا پڑا تاہم اب اعصام الحق نے ٹریننگ کا آغاز کردیا ہے اور جلد 100 فیصد فٹنس کے لیے پر امید ہیں۔

‏ اعصام الحق کا کہنا ہے کہ آہستہ آہستہ پاؤں کی انجری میں بہتری آرہی ہے لیکن اس میں وقت لگ رہا ہے، گزشتہ ہفتے میں نے ٹینس کھیلنے کا آغاز کر دیا تھا اور اب پاؤں پر بھی وزن ڈالتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا اوپن میں شرکت کے لیے پر امید ہوں، فروری کے آغاز میں آسٹریلین اوپن کھیلنے کے بعد مارچ میں یورپ میں ہونے والے تین چار ٹورنامنٹس میں حصہ لوں گا۔

‏اعصام الحق پاکستان میں جاپان کے خلاف ہونے والی ڈیوس کپ ٹائی کے لیے بڑے پرجوش ہیں۔

ٹینس اسٹار کا کہنا تھا کہ مارچ میں ہونے والے جاپان کے خلاف ڈیوس کپ ٹائی کا بہت انتظار ہے، پرجوش ہوں کہ جاپان جیسی بڑی ٹیم پاکستان میں مارچ کے آخر میں ڈیوس کپ کے لیے آرہی ہے،  جاپان کا آنا بہت خوش آئند ہے اس سے نوجوانوں میں ٹینس کو فروغ ملے گا ۔

مزید خبریں :