24 دسمبر ، 2020
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی مرتضٰی جاوید عباسی اور محمد سجاد کو استعفوں کی تصدیق کیلئے طلب کرلیا۔
مانسہرہ سے ن لیگ کے ایم این ایز مرتضیٰ جاوید عباسی اور محمد سجاد کے استعفے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کوموصول ہوگئے جس کے بعد قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے دونوں ارکان اسمبلی کو مراسلہ جاری کردیا ہے، دونوں ارکان اسمبلی نے 14دسمبر کو استعفے اسپیکر قومی اسمبلی کو بھجوائے تھے۔
ترجمان قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ دونوں ارکان اسپیکر قومی اسمبلی کے سامنے پیش ہو کر تصدیق یا تردید کریں، استعفوں پرکارروائی قومی اسمبلی کےقواعدوضوابط کےتحت ہوگی۔
ترجمان قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ مرتضیٰ جاوید عباسی اور محمد سجاد کے استعفوں پر کارروائی استعفے سرکاری لیٹر پیڈ پر ملنے پر کی،کارروائی استعفوں اور ان پر کیے دستخطوں کی تصدیق کےبعدکی گئی، ارکان کے موصول استعفے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں موجود ہیں۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے براہ راست اسپیکر قومی اسمبلی کو استعفے جمع کرانے کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ مرتضیٰ جاوید عباسی اور محمد سجاد نے استعفے پارٹی کے صوبائی صدر کو جمع کرائے تھے، امیر مقام نے یہ استعفے پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کو بھجوادیے ہیں ۔